چالیس سال سے قابض ٹولے کی جانب سے قائم جھوٹے مقدمات سے جلد سرخرو ہوں گے، مولانا ہدایت الرحمن
گوادر (این این آئی) چالیس سالہ ٹولے کی جانب سے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات سے جلد سرخرو ہوکر ان کے عزائم کو شکست دیں گے، جیل، مقدمات اور پابندیاں ہمیں اپنی جدوجہد سے نہیں روک سکتے ۔جمعرات کو حق دوتحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن متعدد کارکنان کے ساتھ گوادر کے عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پر مسلط چالیس سالہ ٹولے کے ایما پر 26 دسمبر کو مجھ سمیت ہمارے سینکڑوں کارکنان پر جھوٹے و سیاسی مقدمات دائرکئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس چالیس سالہ ٹولے کو جب عوام نے عملی میدان میں مسترد کیا اور جب وہ عملی میدان میں شکست فاش ہوئے تو انتقامی رویہ اپنا کر ہمارے کارکنان کے خلاف جھوٹے اور سیاسی مقدمات بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا اصل سر چشمہ عوام ہے جو ہمارے ساتھ ہیں اور مقدمات اور پابندیاں ہمیں اپنی جدوجہد سے نہیں روک سکتے چالیس سالہ ٹولے کی جانب سے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات سے جلد سرخرو ہوکر ان کے عزائم کو شکست دیں گے۔


