قزاخستان، ہاسٹل کی تین منزلہ عمارت میں آتشزدگی، 13 افراد جاں بحق ،2زخمی
الماتے(صباح نیوز) قزاخستان کے سب سے بڑے شہر الماتے کے ایک ہاسٹل کی تین منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 13 افرادجاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کے وقت ہاسٹل میں 72 افراد موجود تھے جن میں سے 59 افراد جان بچا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فائر فائٹرز کو عمارت سے 13 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ابتدائی اندازوں کے مطابق ان کی موت کاربن مونو آکسائیڈ سے ہوئی۔رپورٹ میں الماتے کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجکر33 منٹ پر اڈی شریپوف سٹریٹ میں واقع ہاسٹل میں آگ لگ جانے کی اطلاع ملی جس نے سات منٹ میں موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا۔واضح رہے کہ الماتے 1979 تک قزاخستان کا دارالحکومت رہا اور اس وقت ایک بڑا تجارتی اور کاروباری مرکز ہے۔


