ایران کے قطر اور کویت میں مختلف اہداف پر کروز میزائلوں اور ڈرون سے حملے، قطری وزارت دفاع کی تصدیق

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تین کروز میزائلوں نے قطری حدود میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ قطری حکام کے مطابق ان میں سے دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم ایک میزائل قطر انرجی کے زیر استعمال ایک بڑے آئل ٹینکر ’ایکوا ون‘ سے جا ٹکرایا۔ یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق یہ واقعہ قطر کے راس لفان انڈسٹریل ہب سے 31 کلومیٹر (17 بحری میل) شمال میں پیش آیا۔ یو کے ایم ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ بحری جہاز کے بائیں حصے (پورٹ سائیڈ) کو نشانہ بنایا گیا جس سے پانی کی سطح سے اوپر اس کے نچلے بیرونی ڈھانچے (ہل) کو نقصان پہنچا ہے۔ قطری وزارت دفاع کے مطابق، اس حملے میں جہاز کے عملے کے تمام 21 ارکان محفوظ رہے جنہیں بروقت نکال لیا گیا۔ قطر انرجی کے مطابق اس واقعے سے سمندری ماحول کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دوسری جانب کویت میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود ایندھن کے ٹینکوں کو ایک بار پھر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ کویتی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایئرپورٹ پر شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں