کیسکو کی بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری
کوئٹہ( این این آئی)وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں نادہندگان کیخلاف بلاامتیاز کاروائیاں کررہی ہے اور اس جاری مہم میں اب تک کیسکوکوخاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی اور اس مہم میں کافی مثبت پیش رفت بھی سامنے آچکی ہے ۔ اس سلسلے میں منگل کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میںکارروائی عمل میں لائی گئیں ۔کارروائی کے دوران کیسکوسریاب، زرغون اور سٹی ڈویژن کی ٹیموںنے کوئٹہ شہر میں کاسی روڈ، سرکی روڈ، پشتون ٹاون، جتوئی کالونی ، نصیر آباد روڈ، مشرقی بائی پاس،گوالمنڈی،جائنٹ روڈ، خروٹ آباد ، نواںکلی، کچلاک بازاراور اس سے ملحقہ علاقوںمیں 88 شنٹ اور ٹیمپرڈ میٹروں کو اُتارکر تبدیل کردئیے جنہیں بعدازاں ڈٹیکیشن کی مدمیں جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ اس کے علاوہ کیسکوٹیموںنے صوبہ بھرمیں کیسکوکے زیرانتظام تمام آپریشن سرکلز میں مختلف گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے394 کنکشنز بھی بلوںکی عدم ادئیگی پرمنقطع کردئیے ۔ علاوہ ازیں اِس جاری مہم کے دوران کیسکونے اب تک صوبہ بھرمیں تقریباًایک لاکھ12ہزار644 نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی مدمیں 2 ارب2کروڑ64لاکھ 70ہزارروپے سے زائد رقم وصول کرلئے ہیںجن میں مختلف نادہندہ گھریلو، کمرشل اور دیگر نجی صارفین شامل ہیں۔اسی طرح کیسکونے صوبہ بھر کے تمام آپریشن سرکلز میںاب تک492 بجلی چوروںکے خلاف مختلف پولیس تھانوںمیں ایف آئی آرزبھی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیںبجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں66 لاکھ17ہزار667بجلی یونٹس جرمانہ کی مدمیں چارج کئے گئے جن میں سے اب تک29کروڑ37 لاکھ47ہزارروپے بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں نیز تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کریں اوربجلی چوروں کے خلاف قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔


