بالی ووڈ: میں نے خود کشی کا ارادہ کیا تھا، دوستوں نے روک دیا تھا۔ منوج باجپائی
معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی کا کہنا ہے کہ انہوں نے خودکشی کرنے کا سوچ لیا تھا لیکن اُن کے دوستوں نے انہیں خودکشی کرنے سے روک دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے انڈسٹری میں اقربا پروری اور ڈپریشن کے باعث خودکشی پر بحث چل رہی ہے۔ بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے اداکار منوج باجپائی نے بھی اپنی خودکشی کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ’official humans of bombay ‘ نامی اکاؤنٹ کی جانب سے منوج باجپائی کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے اور اُن ہی کی طرف سے کیپشن لکھا گیا ہے کہ میں ایک کسان کا بیٹا ہوں، میری پرورش بہار کے ایک گاؤں میں ہوئی ہے، ہم پانچ بہن بھائی ہیں۔ ہم نے نہایت سادہ زندگی گزاری ہے لیکن اس کے باوجود ہم جب بھی شہر جاتے تو تھیٹر لازمی جایا کرتے تھے۔
منوج باجپائی نے بتایا کہ میں بچپن س امیتابھ بچن کا بہت بڑا مداح تھا اور اُن ہی کی طرح بننا چاہتا تھا۔ 9 سال کی عمر میں مجھے اندازہ ہوا کہ اداکاری میری منزل تھی لیکن میں اداکار بننے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کیونکہ پڑھائی کے لیے میرے پاس پیسے نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ 17 سال کی عمر میں میں نے تھیٹر میں کام کیا لیکن میرے گھر والوں کو اس کے بارےمیں علم نہیں تھا، آخر کار میں نے اپنے والد کو خط لکھا اور اُن سے 200 روپے مانگے اپنی فیس کے لیے جو انہوں نے مجھے دے دیے اور غصہ بھی نہیں کیا۔ جس کے بعد انہوں نے انگریزی اور ہندی سیکھی تاکہ وہ فلموں میں کام کرسکیں۔منوج باجپائی نے مزید بتایا کہ میں انڈسٹری میں باہر سے آیا تھا اور یہاں فِٹ ہونے کی کوشش کررہا تھا، اس دوران میں نے نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں داخلے کی کوشش کی تو 3 بار مجھے ریجیکٹ کردیا گیا جس کے بعد میں نے خود کشی کرنے کا سوچ لیا تھا، ایسے وقت میں میرے دوستوں نے میرا بہت ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ میرے دوست میرے ساتھ سوتے تھے ، مجھے کبھی اکیلا نہیں چھوڑتے تھےکہ میں کچھ کر نہ بیٹھوں، وہ اُس وقت تک میرے ساتھ رہے جب تک مجھے انڈسٹری میں قبول نہیں کیا گیا۔اداکار نے بتایا کہ 4 سال کی سخت محنت کے بعد مجھے مہیش بٹ کے ایک ٹی وی سیریل میں کام مل گیا، جس کی ایک قسط کے مجھے 1599روپے ملتے تھے۔ جس کے بعد انہیں بالی ووڈ کی پہلی فلم ’ستیا‘ ملی جس کے بعد میں نے مزید 67 فلمیں کیں اور آج میں یہاں ہوں۔اقربا پروری پر منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ اقربا پروری ہمیشہ ہی رہے گی اور بالی ووڈ میں میرا وجود ہی اقربا پروری کو چیلنج ہے۔خیال رہے کہ اداکار منوج باجپائی کا شمار بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کی بدولت انڈسٹری میں مقام بنایا ہے۔منوج باجپائی کے کیریئر میں ’ستیا‘، ’گینگ آف واسے پور‘ اور ’علی گڑھ‘ جیسی کامیاب فلمیں موجود ہیں اور اب تک یہ 2 بار نیشنل فلم ایوارڈ سمیت دیگر فلمی ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔