افغانستان میں خواتین پر پابندیاں، برطانیہ نے مولانا فضل الرحمن سے مدد مانگ لی
اسلام آباد(این این آئی)برطانیہ نے افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن سے مدد مانٰگ لی جس پر سربراہ جے یو آئی (ف) نے عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیدیا ۔ جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ، پولیٹیکل سیکرٹری سیم فلیچر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،افغانستان اور انڈیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ ملاقات میں افغانستان میں خواتین کی تعلیم سمیت افغان مہاجرین کی واپسی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے تعاون کی اپیل کی ۔مولانا فضل الرحمان نے عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ مغرب اور اسلام کے درمیان ثقافتی تقسیم کو تسلیم کیا جائے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ خواتین کی تعلیم کے حامی ہیں لیکن افغانستان کے اسلامی اور پشتون پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے وہاں کی حکومت خواتین کی تعلیم کے لئے ماحول بنا رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ افغانستان میں امن وامان کے قیام میں بتدریج بہتری آرہی ہے ،امن وامان کے قیام کے ساتھ ساتھ یہ مسائل بھی حل ہونگے۔


