محکمہ صحت کے کلاس فور کے ملازمین تک کیلئے رسک الاؤنس منظور کیا جائے،بلاول بھٹو
کوئٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاق،پنجاب،سندھ اور بلو چستان کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے لیکر کلاس فور کے ملازمین تک کیلئے رسک الاؤنس منظور کیا جائے ڈاکٹروں کی سیکورٹی سے متعلق قانون سازی کیلئے سندھ اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا کورونا ایک عالمگیروباء ہے جس کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے آزاد کشمیر میں ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج قابل مذمت حکومت فوری طور پر ڈاکٹروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں ان خیالات کااظہارانہوں نے آل پاکستان ینگ ڈاکٹرز کے کمبائن چیپٹرز کے ساتھ منعقدہ آن لائن میٹنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز کے نمائندے ڈاکٹر یاسر اچکزئی ڈاکٹر وارث جھکرانی،ڈاکٹر عطاء مروت،ڈاکٹر عمر،ڈاکٹر حنیف لونی،ڈاکٹر رحیم خان بابر ودیگر موجود تھے ڈاکٹر ز کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئر مین کو ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس سلسلے میں ہسپتالوں کی حالت زار اور ڈاکٹرز کو درپیش مشکلات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کی جانب سے بتایا گیا کہ چونکہ بلوچستان کی دو ممالک کے ساتھ بارڈرز ہیں یہاں صورتحال گھمبیر ہے افرادی قوت کی کمی کا سامنابھی ہے حکومت بلوچستان کی جانب سے جو ڈاکٹرز تعینات کرنے تھے اس پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے 14سو کے قریب ڈاکٹرز کو فوری طور پر بھرتی کر کے کورونا وارڈز سمیت صوبے بھر میں تعینات کیا جائے تاکہ وہ صوبے میں کورونا مریضوں کی علاج معالجے میں مدد فراہم کرسکیں اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں وائے ڈی اے کے ڈاکٹرز پر حکومت کی جانب سے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کے جائز مسائل کے حل کیلئے حکومت اقدمات اٹھائیں نہ کہ ڈاکٹرز پر تشدد اور لاٹھی چارج کیا جائے اس وقت کورونا ایک عالمی وباء ہے اور پوری دنیا کو اس کا سامنا ہے مگر افسوس حکمرانوں کی غیرذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے آج ملک بھر میں لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ہوناتو یہ چاہیے تھا کہ ملک بھر میں کورونا سے نمٹنے کیلئے یکساں حکومتی پالیسی تشکیل دی جاتی مگریہاں تو قومی یکجہتی بھی نظرنہیں ا ٓرہی ہے سندھ میں ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ڈاکٹرز کی سیکورٹی سے متعلق قانون سازی کیلئے سب سے پہلے سندھ میں قانون سازی ہوگی جس کے بعد دیگر صوبوں سے بھی ا س حوالے سے مطالبہ کیا جائے گا سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران ہیلتھ کیلئے رسک الاؤنس کی منظوری دیدی گئی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت سمیت دیگر صوبائی حکومتیں فوری طور پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے لیکر کلاس فور کے ملازمین تک کیلئے رسک الاؤنس منظور کرائیں۔


