سلامتی کونسل غزہ میں جنگ رکوانے میں ناکام، اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 400 فلسطینی جاں بحق، 734 زخمی

غزہ(صباح نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں جنگ رکوانے میں ناکام ہوگئی ، اسرائیلی جارحیت بدستور جاری ہے،غزہ پراسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 400فلسطینی شہید اور734زخمی ہوگئے ہیں، دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلوں کی رہانی میں عالمی براداری سے مدد کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں تقریبا 400 فلسطینی شہید اور734 زخمی ہوئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنگ رکوانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپ رفح، خان یونس اور نصیرت میں مسلسل بمباری کررہی ہے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے جنوبی علاقے پر 2 ہزار پانڈ وزنی بم گرائے اور اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ کے جس علاقے سے بے دخل کیا وہاں بھی جان بوجھ کربم گرائے ہیں۔ اس کے علاوہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی جاری ہے اورجنگ میں اب تک 472 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جن میں سے 139 اسرائیلی فوجی زمینی کارروائی میں مارے گئے۔ ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس بغیر کسی شرط کے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے۔ ڈینیل ہگاری نے نیوز کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیلیوں کی رہائی میں کردار اداکرے، اسرائیلی مغوی جلدی رہا ہونے چاہئیں،تاکہ ان کی طبی ضروریا ت پوری کی جا سکیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 53 ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں