حلقہ بندیوں پر اعتراضات، الیکشن کمیشن میں سماعت عام انتخابات کے بعد ہوگی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اعتراضات پر عام انتخابات کے بعد سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں سے متعلق سماعت عام انتخابات کے بعدکی جائےگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس وقت درخواستوں پر سماعت کی تو الیکشن پروگرام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن سمیت مختلف جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا تھا۔ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے آئندہ برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں تاخیر کے تمام دروازے بند کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونےکے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں کیا جاسکتا۔ یاد رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندی تبدیل کی تھی، سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرلی۔ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے اور اب کاغذات نامزدگی وصول کیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں