بیرون ملک کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوششیں ناکام

لاہور (صباح نیوز)لاہور اور فیصل آباد سے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس حکام کے مطابق آکاش مسیح اور انی آکاش دوحہ جانے کے لیے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے تھے، جوڑے کے سامان کو اسکریننگ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔ ترجمان اے ایس ایف کے مطابق سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 2.490 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ہیروئن کو 1.250 اور 1.250 کلوگرام کے دو الگ الگ پیکٹوں میں رکھا گیا تھا۔ منشیات سے بھرے پیکٹ بیگز کے خفیہ خانوں سے برآمد کئے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف عملے نے پیشہ ورانہ مہارت سے منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب فیصل آباد ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے بھی کروڑوں روپے کی آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ملزم وقاص نے بیگ کی تہہ میں ڈیڑھ کلو آئس ہیروئن چھپا رکھی تھی۔اس کے علاوہ کسٹم کلیکٹریٹ کی جانب سے بھی کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں شارجہ سے آنے والی خاتون سے 15موبائل فونز برآمد ہوئے۔حکام کے مطابق خاتون نے سامان میں موبائل فون کے خالی ڈبے رکھے تھے جبکہ موبائل فونز پہنے ہوئے کپڑوں میں چھپا رکھے تھے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں