ترقی کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں عوام کیلئے کچھ نہیں کریں گے، پشتونخوا نیپ
کوئٹہ (یو این اے) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ عوام کو باشعور ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا قیمتی ووٹ بے لوث خدمت کرنے والے حقیقی نمائندوں کے حق میں استعمال کرنا چاہئے تاکہ ہر علاقے کی ترقی اور تمام مظلوم عوام کی حق کیلئے آواز بلند کرنے اور نظام کی بہتری کیلئے مثر قانون سازی کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوانیپ کے رہنماوں صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے،سینئر نائب صدر اللہ نورخان، سید اکبر کاکڑ اور مصطفی کمال نے ضلع لورالائی کےعلاقوں ازغر لون، لوڑلی، شار ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقوں خسنوب، بادینی، علی خیل، رود جوگیزئی، باتوزئی، گوال اسماعیل زئی، غوریزئی، گوال حیدرزئی اور ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں شمولیتی اجتماعات اورانتخابی دفاترکے افتتاح کےموقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ ہمارے باشعور عوام کوملک گیر پارٹیوں کی سیاست،اسٹبلشمنٹ سے ساز بازکرنے، ترقی کے نام پرعوام کی بجائے اپنے جیبیں بھرنے اورملک کوآئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر غریب عوام پر مہنگائی،بے روزگاری اور غربت مسلط کرنے کا نہ صرف اندازہ اور پہچان ہے بلکہ وہ ان پارٹیوں کی غلط سیاست اور ناقص پالیسیوں کا شکار ہو کر ان کے نتائج بھی بھگت رہے ہیں۔ ملک گیر پارٹیوں نے کئی باریاں لینے کے باوجود بھی ہمارے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا ، کبھی جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کے نام، کبھی روٹی ، کپڑا اور مکان، کبھی اسلام کے مقدس دین اور جنت اور کبھی ترقی و خوشحالی کے نام پر عوام کو ورغلاتے چلے آئے ہیں اوربلند و بانگ دعوں کا یہ سلسلہ بڑی ڈھٹائی سے جاری رکھیں ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض عناصر سیاسی پارٹیوں میں ہوتے ہوئے بھی لالچ اورعارضی مفادات کا جھانسہ دے کر اور عوام کی معصومیت سے فائدہ اٹھا کر ووٹ بٹورنے میں کامیابی حاصل کرنے کے درپے ہیں جبکہ بعض عناصر دھونس دھمکی، دبا اور پیسے کا بے تحاشا استعمال کر کے عوام کی ضمیر خریدنے جیسے گنانے کاروبار میں مصروف ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ملک میں احتساب کرنے کے ذمہ دار ادارے بھی ان تمام غیر قانونی اقدامات پر خاموش تماشائی بن کر ملک کے سیاسی، سماجی اور اخلاقی اقدار کو کھوکھلاکرنے کی گناہ میں دانستہ یا غیر دانستہ برابر کے شریک ہیں۔کرپٹ، کمیشن خوراور بد عنوانی کے دیگر طریقوں میں ملوث عناصر کی وجہ سے سیاست، سیاسی ادارے اور مخلص و ایماندار سیاستدان بدنام ہو رہے ہیں اور کرپٹ و سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کو کھلی چھوٹ دینے سے در اصل سیاست کو ارادتا بدنام کیا جارہا ہے جو کسی طور پر بھی نیک شگون نہیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا نیپ سیاست کو بدنام کرنےو الے عناصرکو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اپنے عوام کی شعور و آگاہی کیلئے تمام منفی عناصر کی بروقت نشاندہی کریگی تاکہ وہ منفی عناصر کے بہکاوے میں نہ آسکے اور اپنی قیمتی رائے مخلص، ایماندار، عوام دوست اور قوم دوست امیدواروں کی حق میں استعمال کرنے کے قابل ہو جائے۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پشتونخوانیپ کے عوام دوست اور وطن دوست پروگرام کو تقویت دینے اور ملک میں حقیقی جمہوریت، پارلیمان کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اپنے قیمتی ووٹ کو پارٹی اور ان کے اتحادیوں کے نامزد امیدواروں کے حق میں استعمال کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ پارٹی اپنے عوام کے ساتھ یہ عہد کرتی ہے کہ کامیابی حاصل کرنے والے نمائندے اپنے عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھیں گے اور عوامی مشکلات کی حل کیلئے دن رات محنت کر کے اپنے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کرینگے۔


