بلوچ لواحقین کی پرامن تحریک کیخلاف مسلح جتھوں کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بی ایس او
تربت (نمائندہ انتخاب) بی ایس او کے مرکزی چیئرمین بالاچ قادر نے تنظیمی دورہ شیڈول کے تحت تمپ کا دورہ کیا، اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن کرم خان بلوچ،تربت زون کا جنرل سیکرٹری شے فراز، سہراب خالق، اویس بلوچ و دیگر تنظیمی ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے، چیئرمین بی ایس او نے تمپ پہنچنے پر شہیدبانک کریمہ بلوچ کی آخری آرام گاہ جاکر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ چیئرمین بی ایس او نے تمپ ڈگری کالج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ سے ملاقات کی،دورہ تمپ کے موقع پر چیئرمین بی ایس او نے سابق وائس چیئرمین بی ایس او نصیرجان گچکی سے بھی ملاقات کی، دریں اثناءچیئرمین بی ایس او بالاچ قادر تمپ زون کی سینئر باڈی اجلاس کی صدارت کی، تمپ زون کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچ قوم پرستانہ سیاست میں تمپ کا تاریخی کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا، ماس پارٹی سیاست سے لیکر طلباءجدوجہد تک تمپ کا کلیدی کردار رہا ہے، تمپ شہید بانک کریمہ سمیت ان نظریاتی شخصیات کا مسکن ہے جنہوں نے اپنی سیاسی کمٹمنٹ سے بلوچ قوم پرستانہ سیاست کی آبیاری کی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ بلوچ طلباءسیاست کو بلوچ وطن کے ہر کونے تک پہنچایا جائے، طلباء سیاست کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے سینئر باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جاری موجودہ بلوچ تحریک نے واضح کردیا ہے کہ بلوچ قوم اب مزید جبر کے تسلسل کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔ پرامن تحریک کو کاﺅنٹر کرنے اور ہمیشہ کی طرح بلوچوں کو انسانی حقوق سے محروم رکھنے کیلئے مختلف حربے آزمائے جارہے ہیں، ڈیتھ اسکواڈ کی صورت میں مسلح جتھوں کے ذریعے اسلام آباد دھرنے کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، چیئرمین بی ایس او نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری پرامن تحریک کو بلوچ سمیت پاکستان کے تمام مظلوم اقوام کی حمایت ہے۔ یہ تحریک بلوچستان میں جاری نسل کشی کے خلاف ایک ریفرنڈم ہے۔ بلوچ طلباءعصرحاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے عوامی موبلائزیشن کا حصہ بنیں۔


