کوئٹہ میں گیس کے بھاری بھرکم بل بھجوانے کیخلاف شہری سڑکوں پر آگئے
کوئٹہ( این این آئی)کوئٹہ شہر میں گیس پریشر میں کمی اور شہریوں کو بھاری بل بھجوانے کے خلاف شہریوں نے پیر کو سوئی سدرن گیس آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سمنگلی روڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیامظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر میں موسم سرد ہونے کے باوجود گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے اوراکثر علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے اورشہری مہنگے داموں کو گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں تو دوسری طرف شہریوں کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے بھاری بل بھجوائے جارہے ہیں جنہیں جمع کرانے کی شہری استطاعت نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کے بلو ں میں درجنوں ٹیکسز شامل کررکھے ہیں جس سے شہری عاجز آچکے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہرمیں گیس پریشر کو فوری طور پر بحال اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے شہریوں کو بھاری بل بھجوانے کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر سوئی سدرن گیس آفس کی گھیرا¶ سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری سوئی سدرن گیس حکام پرعائد ہوگی۔


