لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پولیس اقدامات غیرسنجیدہ ہیں، سندھ ہائیکورٹ
کراچی (انتخاب نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے پولیس اقدامات کو غیر سنجیدہ قرار دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس خادم حسین تنیو نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی جس سلسلے میں پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پولیس اقدامات غیرسنجیدہ ہیں، پولیس کا رویہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے اور بہت ہی افسوس کا مقام ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہری کو کسی نے حراست میں نہیں لیا، وہ خود سے لاپتا ہے، لاپتا شہری سیاسی جماعت کا کارکن تھا اور ذاتی دشمنی بھی تھی۔ عدالت نے سوال کیا کہ آپ کو کیسے پتا چلا کہ کو خود سے لاپتا ہوگیا ہے، شہری 2015ءسے لاپتا ہے، اب بول رہے ہیں خود کہیں چلا گیا ہے، لاپتا شہری کا سراغ نہیں لگایا گیا کیسے حتمی رائے قائم کرلی کہ خود چلا گیا ہے؟ اس قسم کا بیان دینے پر تو آپ کیخلاف کارروائی ہونا چاہیے، اگر شہری ازخود روپوش ہے تو تلاش کرنا اور بھی آسان ہے۔ بعد ازاں عدالت نے دیگر شہریوں کی بازیابی سے متعلق بھی 28 فروری کو رپورٹ طلب کرلی۔


