سیکورٹی کا فول پروف سسٹم بنایا جائے، الیکشن میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی، وزیر داخلہ سندھ
کراچی (انتخاب نیوز) نگراں وزیرِ داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ الیکشن میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہو گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ داخلہ سندھ نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے ہم ان کی معاونت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بھی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر تعینات ہو گی، خواتین کے پولنگ بوتھ پر لیڈی ہیلتھ وزیٹرز انتخابی ڈیوٹی دیں گی۔ حارث نواز کا کہنا ہے کہ صوبائی حکام اور الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا، جس میں تمام محکموں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، کوئی محکمہ نہیں کہہ سکتا کہ کسی چیز کی قلت یا مسائل کا سامنا ہے۔ نگراں وزیرِ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ نے پولیس، رینجرز اور اسکولوں کے لیے پیسے ریلیز کر دیے ہیں، فول پروف سسٹم بنایا جائے تاکہ الیکشن میں کوئی مشکل نہ ہو، فنڈز کی کوئی کمی کسی ڈپارٹمنٹ کے پاس نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 5954 نارمل پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن 12 ہزار سے زائد ہیں، سیکیورٹی پر ایک لاکھ 22 ہزار پولیس اہلکار ہوں گے، رینجرز اور پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوں گے، اندر صرف پولنگ عملہ ہو گا اگر ضرورت پڑی تو رینجرز آئے گی۔ حارث نواز نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی کے 1984جوان سیکیورٹی پر ہوں گے جبکہ اینٹی کرپشن، محکمہ جنگلات، ایف سی، لیڈی ہیلتھ ورکرز سے خدمات لی جائیں گی۔


