ہمارے امیدواروں کو بیٹھنے کیلئے دھمکایا جارہا ہے، ہم حرکت میں آئے تو کوئی کرسی نہیں بچا سکے گا، فضل الرحمن

ملتان (انتخاب نیوز) جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن میں بیٹھنے کے لیے دھمکایا جارہا ہے، ہماری طاقت کو نہ للکارا جائے، ہم حرکت میں آگئے تو کوئی کرسی نہیں بچاسکے گا۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری طاقت کے بارے میں پوچھنا ہے تو فتنے سے پوچھو جو ختم ہو چکا ہے، امن نہیں ہو گا تو معیشت بھی نہیں چلے گی، پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا تاکہ معیشت کو زمین بوس کیا جائے، آج نہ امن ہے اور نہ ملک کی معیشت چل رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت اور کوئی پاکستانی سوچ سمجھ کر ملک کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، سوائے ایک فتنے کے جو ملک کو معاشی لحاظ سے تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آیا تھا، ملکی معیشت کو ساڑھے تین سال باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرا یاگیا۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہر امیدوار سوچتا ہے کہ اسمبلی کا ممبر بن کر کونسی وزارت میں زیادہ پیسا بنایا جاسکتا ہے، ایسی سیاست کرنی ہے جس سے عام آدمی کے حقوق پورے کرسکیں، ایسا نظام ہونا چاہیے کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان ووٹ کی حد تک عوام کی خدمت کی بات کرتا ہے، شریعت اسلامیہ ہمیں لوگوں کی مدد کرنےکا حکم دیتی ہے، ملک کی سیاست پر جاگیرداری اور سرمایہ کاری کا قبضہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں