عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے نوسرباز خوشنما نعروں کا سہارا لے رہے ہیں، کلثوم نیاز بلوچ

کوئٹہ (یو این اے) نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ نے کوئٹہ کے باشعور عوام سے اپیل کی کہ وہ 8فروری کو کوئٹہ سٹی سے قومی اسمبلی کے این اے 263 سے نیشنل پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار محمود خان اچکزئی اور بلوچستان اسمبلی کے پی بی 43 سے نیشنل پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار میر لیاقت لہڑی کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے کامیاب بنائیں کیونکہ ماضی میں ان حلقوں سے سلیکٹڈ امیدواروں نے کوئی کام نہیں کیا۔ قومی اسمبلی کا سلیکٹ امیدوار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بھی رہا لیکن 5سال کے دوران عوام نے ان کی شکل تک نہیں دیکھی کام تو دور کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوسرباز پھر سرگرم ہوچکے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک بار پھر خوشنما نعروں کا سہارا لے رہے ہیں عوام دھوکہ میں آنے کی بجائے ان سے ماضی کا حساب لیں ،انہوں نے کہا کہ مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈستا اس لیے ماضی کے نوسربازوں اور آزمائے ہوئے لوگوں سے ووٹ کے ذریعہ بدلہ لیں ،انہوں نے پارٹی کی دونوں حلقوں کی خواتین کو تاکید کی کہ وہ نیشنل پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے لیے دن رات کام کریں اور ان کی کامیابی کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ،کیونکہ نیشنل پارٹی کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہ جس سے اتحاد یا حمایت کریں ان کو اپنا امیدوار سمجھ کر کام کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں