بی این پی عوامی کے مخالفین نوشتہ دیوار پڑھ کر باعزت واپسی اختیار کرلیں، اسد بلوچ
پنجگور (نامہ نگار) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے زیر اہتمام پنجگور میں ایک بڑی اور تاریخی موٹرسائیکل ریلی جس میں بی این پی عوامی کے کارکنوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ریلی کی قیادت بی این پی عوامی کے مرکزی صدر اور سابق صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ نے کی حلقہ پی بی 30 ٹو سے نامزد امیدوار شکیل احمد کمبرانی این اے 258 سے قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار نور احمد بلوچ مرکزی رہنما نثاراحمد بلوچ رحمدل بلوچ، زبیرایوب ، جلیل احمد سیلانی ،حاجی محمد یسین زہری، عزیز مراد کشانی اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما ریلی میں شریک تھے۔ ریلی میں مختلف علاقوں سے لگ بھگ 30 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں شریک ہوئیں جن کا فاصلہ کئی کلو میٹر طویل تھا ریلی کا آغاز بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صدر میراسداللہ کی رہائش خدابادان سے ہوا جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا خدابادان میں اکر ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی ریلی کے ہزاروں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بی این پی عوامی کے مرکزی صدر میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ آج کا یہ ریلی اور عوام کا جم غفیر ایک ریفرنڈم ہے بی این پی عوامی کے مخالفین نوشتہ دیوار پڑھ کر باعزت واپسی کا راستہ لیں پنجگور کے عوام نے بی این پی عوامی کے ویڑن اور ترقیاتی منشور پر اپنا فیصلہ 8 فروری سے پہلے بی این پی عوامی کے حق میں دے دیا ہے میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ ہم نے پنجگور کو علم کا گیٹ وے بنادیا ہے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب وقلم تھما دیا، آج پنجگور میں یونیورسٹی، زرعی کالج، پولی ٹیکنیک کالج، بی آر سی لاءکالج، ڈیجیٹل لائبریری کی صورت میں علم کا ایک ایسا زرخیز خزانہ موجود ہے جس سے ہم اپنے نوجوانوں کے مستقبل کی آبیاری کرکے ان کو اس مقام پر پہنچانے کی جستجو کی ہے جو ہر خطے معاشرے قوم کے بچوں کی خواہش اور تمنا ہوتی ہے کہ وہ بھی اس جدید دور سے جڑ کر اپنا ایک مقام پاسکیں میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ پنجگور کے غیور عوام بی این پی عوامی اور اسکے سیاسی مخالفین کے ادوار کا جائزہ لیں انکو واضح فرق نظر آئے گا وہ بچے جو میٹرک ایف اے بی اے کرنے کے بعد فارغ ہوکر ایجوکیشن سے دور ہورہے تھے بعض عدم گنجائش اور کچھ رہائش اور دیگر گھریلو مسائل کی وجہ سے ملک کے دیگر شہروں میں پڑھائی کے لیے جا نہیں سکتے تھے انکو وہ تمام تعلیمی مواقعے انکے گھروں کی دہلیز پر مہیا کیے ہیں شہر کو کشادہ سڑکیں پارک اسٹریٹ لائٹس اور کھیلوں کے میدان بنا کر دیئے ہیں تاکہ عوام کی سفری مشکلات ختم نوجوانوں کو تفریح اور کھیلوں کے حوالے سے مناسب ماحول اور سہولتیں فراہم ہوں میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ پنجگور کے دونوں حلقوں کے عوام اور پارٹی کارکنوں کو کامیاب اور تاریخی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا اور کہا کہ اپ لوگوں کے خلوص کا میں شکر گزار ہوں کہ اپ لوگوں نے بی این پی عوامی پر اعتماد کرکے ایک تاریخی ریلی نکالا انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ 8 فروری کو عوام کے مینڈیٹ کو پزیرائی ملے گا اور الیکشن کا عمل مکمل شفاف اور عوام کے امنگوں کے مطابق ہوگا۔


