بلوچستان کے نوجوانوں کا کردار جلد پاکستان بھر میں نمایاں نظر آئے گا، نگران وزیراعلیٰ
سبی (یواین اے) نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی جمعہ کو ایک روزہ دورے پر سبی پہنچے ، جہاں انہوں نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں طالب علموں کے لیے متعارف کرائے گئے ڈی جی بز فری لانس ڈیجیٹل پروگرام کا افتتاح کیا ، اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی کمشنر سبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی ، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی ڈاکٹر جان وش کریم اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نوجوان افرادی قوت کو فنی تربیت کی فراہمی سے بہتر نتائج اخذ کیے جاسکتے ہیں ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بلوچستان بھر کے نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے ہنر مند افرادی قوت کی بیرون ممالک میں اشد ضرورت ہے دوست ممالک میں آج بھی پاکستان سے افرادی قوت کی درآمد کو ترجیح دی جاتی ہے اسکلز ڈویلپمنٹ کی افادیت، اہمیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور فنی تربیت کی فراہمی میں روز بروز جدت آرہی ہے انہوں نے کہا کہ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام سے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا بلکہ یہ پروگرام نوجوانوں اور ان سے وابستہ خاندانوں کے معاشی استحکام کے ساتھ زرمبادلہ کی ترسیل کا موجب بھی ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان کسی بھی ملک اور معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے مثبت سمت میں ان کی رہنمائی اور مواقعوں کی فراہمی ضروری ہے میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کی فنی تربیت کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے باعث بلوچستان کے نوجوانوں کا کردار جلد ملک بھر میں نمایاں نظر آئے گا نگراں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ آج میر چاکر رند یونیورسٹی سبی میں نوجوانوں کو جدید خطوط پر مبنی ڈیجیٹل تعلیم و تربیت کے اس اہم پروگرام کا آغاز ہونے جاررہا ہے اس سے قبل یہ پروگرام صرف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور کالجز تک ہی محدود تھا لیکن الحمدللہ اب سبی سمیت ژوب اور لورالائی میں اس پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جاررہا ہے جو کہ اطمینان بخش امر ہے اور اب اس پروگرام سے اندرون بلوچستان کے نوجوانوں بھی استفادہ کرسکیں گے تقریب کے اختتام پر نگراں وزیر اعلی بلوچستان نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں اسکالر شپ کے چیکس تقسیم کئے جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر جان وش کریم جانب سے نگراں وزیر اعلی میر علی مردان خان ڈومکی کو سوئینر پیش کیا گیا تقریب کے بعد نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے میر چاکر رند یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لاجک ڈیزائن لیب ، اسکول آف لا، اور میر علی مردان ڈومکی کرکٹ گرانڈ کا افتتاح کیا، اور جاری پروگرامز کی کلاسز کا معائنہ کیا اس موقع پر انہیں جامعہ میں جاری پروگرامز سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔


