اورماڑہ بسول میں متعدد علاقے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، درجنوں افراد سے رابطہ منقطع
اورماڑہ (یو این اے )حالیہ طوفانی بارشوں کے سبب اورماڑہ کے علاقے بسول میں کہور دان، میر چاکر گوٹھ، میر پٹھان گوٹھ اور بودو گوٹھ اور دیگر علاقے سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ مذکورہ متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں میں پھنسے ہوئے افراد کو پاکستان آرمی کے جوانوں اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت ریسکیو کر لیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوڈ اور نن فوڈ آئٹمز پہنچا دیئے گئے ہیں۔ جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق بسول میں شدید طغیانی کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے دیگر چند علاقوں ولی داد گوٹھ، حیدر گوٹھ اور کاپری گاں میں پھنسے متعدد افراد کا کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی تاحال کوئی خبر نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ دوسری جانب یونین کونسل بسول کے وائس چیئرمین میر علم خان بزنجو کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاں مکمل طور پر سیلابی ریلوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کے دوپہر دو بجے تک متاثرہ گوٹھوں کے مکینوں نے رابطہ کر کے بتایا کہ وہ کئی گھنٹے سے سیلابی ریلے پھنسے ہوئے ہیں بہت سے لوگ درختوں اور قریبی پہاڑی پر پناہ لیئے ہوئے ہیں اور کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود متعدد لوگوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ وائس چیئرمین یو سی بسول میر علم خان بزنجو نے بتایا کہ درجنوں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ان لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے اپیل کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری ریسکیو کیا جائے۔


