افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر آج بند رکھنے کا اعلان
اسلام آباد (این این ائی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ (آج)8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر بند رہے گا۔نجی ٹی وی کے ترجمان نے بتایا کہ بارڈر بند کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 9 فروری کو افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر معمول کے مطابق کھل جائے گا اسی حوالے سے بارڈر حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر طورخم بارڈر کو رات 12 بجے سے (آج) جمعرات رات 12 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بارڈر حکام نے بتایا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طور خم بارڈر پر 24 گھنٹے تک ہر قسم کی آمدورفت معطل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طورخم سرحد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، بارڈر پر کسٹم سمیت تمام سرکاری دفاتر بھی بند رہیں گے۔بارڈر حکام کے مطابق کسی کو بھی بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


