سینیٹ کی بلوچستان سے3خالی نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری
کوئٹہ(یو این اے )عام انتخابات کے بعد سینیٹ کی بلوچستان سے 3خالی نشستوں پر انتخاب کیلئے ملک بھر کی طرح الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا، سینیٹ کی نشستوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی 2 سے 3 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے۔امیدواروں کی فہرست 3 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 مارچ کو ہوگی۔شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اپیلیں 7 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی اور ٹربیونلز 9 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی 10 مارچ تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سینیٹ نشستوں کیلئے پولنگ قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔ قومی اسمبلی کے ممبران اسلام آباد سے ایک نشست پر ممبر کو منتخب کریں گے۔یاد رہے کہ بلوچستان سے مولاناعبدالغفور حیدری ،پرنس آغا عمر احمدزئی اور میرسرفراز بگٹی کی نشستیں خالی ہوئی ہیں۔


