مشکل کی گھڑی میں مزدور ساتھیوں کیساتھ کھڑے ہیں، ربجا
اسلام آباد (پ ر) ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پر آر آئی یو جے کی منتخب باڈی نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے ، صدر طارق ورک، سیکریٹری آصف بشیر چودھری، سیکریٹری خزانہ ندیم چودھری اور منتخب باڈی نے ٹیلن نیوز کے مالکان اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ، انتظامیہ کی جانب سے ورکرز کو ادائیگیوں کے لیے کیا گیا پہلا وعدہ وفا نہیں ہوسکا، اگر ورکرز کو واجبات کی فی الفور ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو ٹیلن نیوز، اسلام آباد بیورو کا گھیراو¿ کیا جائے گا۔ آر آئی یو جے کی قیادت کا کہنا ہے کہ انسانیت کا تقاضا تھا کہ مالکان ماہ مقدس میں ورکروں اور ان کے اہل خانہ کو بے یار مددگار چھوڑنے سے قبل قانون کے مطابق بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بناتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ نے بے روزگار ہونے والے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے مزدور ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ سیکریٹری آر آئی یو جے کے مطابق بے روزگار صحافیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرآر آئی یو جے عید کے فوراً بعد دو ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں بے روزگار صحافیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے روزگار کمانے اور برسر روزگار صحافیوں کی کیپسٹی بلڈنگ اور تحقیقاتی صحافت کے ٹولز بارے مکمل آگاہی دی جائے گی۔ صحافی برادری سے التماس ہے کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق کیپسٹی بلڈنگ کرکے خود کو جدید تقاضوں کے مطابق روزگار کمانے کے لیے تیار کریں۔


