سابق چیف جسٹس کا عمران خان پر 20 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ، 10 سال بعد کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آبادکی مقامی عدالت نے 10 سال بعد سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ہتک عزت کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا بانی پی ٹی آئی عمران خان پر 20 ارب روپے ہرجانےکا دعویٰ خارج کردیا۔ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر جنوری 2015 میں افتخار چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دعویٰ دائرکیا تھا۔ ہتک عزت کے دعوے میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ افتخار چوہدری کے دعوے کے مطابق 27 جون 2014 کے بیان میں بانی پی ٹی آئی نے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، ہتک عزت کا دعویٰ 6 ماہ 24 دن بعد 20 جنوری 2015 کو دائر ہوا جبکہ 2002 کے قانون کے مطابق 6 ماہ کے اندر دعویٰ دائر کرنا ضروری ہے اور قانونی طور پرتوہین آمیز بیان کے 6 ماہ کے دوران دعویٰ دائر نہیں ہوا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیا گیا ہتک عزت کا دعویٰ خارج کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں