میر علی میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ، صدر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران کی شرکت، منہ توڑ جواب دینے کا عزم

راولپنڈی(انتخاب نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں مشتبہ افراد کے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداءکی نماز جنازہ میں صدر آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سینئر فوجی افسران کے ہمراہ لواحقین نے بھی شرکت کی، لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف اور کیپٹن احمد کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریڑن میں ادا کی گئی، علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔بعدازاں میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں جہاں انہیں پورے اعزاز کےساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے، پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بہادر بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے جو ان کی شہادت کی صورت میں موجود ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر مشتبہ افراد نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 6مشتبہ افراد ہلاک ہوئے۔علاوہ ازیں آصف زرداری نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، وعدہ کرتا ہوں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں