پاکستان کا افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی کے گل بہادر گروپ کیخلاف خفیہ آپریشن
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان نے افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر تخریب کاروں کیخلاف آپریشن کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق حافظ گل بہادر سے تعلق رکھنے والا تخریب کار گروپ آپریشن کا اہم ٹارگٹ تھا، حافظ گل بہادر گروپ کالعدم ٹی ٹی پی سے مل کر پاکستان میں تخریبی حملوں کا ذمہ دار ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان عوام کا بہت احترام کرتا ہے، افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کو پاکستان کیخلاف بطور پراکسی استعمال کررہے ہیں، پاکستان خوارجی عناصر کی حمایت کرنے والے ان عناصر کو پالیسی پر نظرثانی پر زور دیتا ہے، یہ عناصر معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے خوارجوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ تخریب کار پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، تخریب کارپاکستانی حدود میں حملوں کے لیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک برادر ملک کے خلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے،گزشتہ کئی دہائیوں میں افغان عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کو نظر انداز کیا گیا ہے، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا واضح انتخاب کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی جیسے تخریب کار گروہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی خطرہ ہیں، ہم کالعدم ٹی ٹی پی سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے میں افغان حکام کو درپیش چیلنج کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں، پاکستان تخریب کار کیخلاف مشترکہ حل تلاش کرنے میں کام جاری رکھے گا، پاکستان کسی بھی کالعدم تنظیم کو دوطرفہ تعلقات سبوتاژ کرنے سے روکنے کے لیے کام جاری رکھے گا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ تخریب کاری کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بات چیت اور تعاون کو ترجیح دی ہے، ہم نے بارہا افغان حکام پر زور دیا ہے کہ ٹھوس اور مو¿ثر کارروائی کریں تاکہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے پائے، ہم نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے، ہم نے ان سے ٹی ٹی پی کی قیادت پاکستان کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تازہ ترین حملہ 16 مارچ 2024ءکو شمالی وزیرستان میں میر علی میں سیکورٹی پوسٹ پر ہوا، سیکورٹی پوسٹ پر حملے میں سات پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔


