تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرنا ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی تخریب کار تنظیم کو معافی نہیں ملے گی۔ نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق تخریب کاری کیخلاف جنگ میں نیکٹا کو فرنٹ فٹ پر لڑانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ آئندہ ہفتے نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ اہم ہے کہ ہم تخریب کاروں کیخلاف پیشگی ایکشن لیں اور اس کے ذریعے تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعداد کار سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کسی تخریب کار تنظیم کو معافی نہیں ملے گی، تخریب کاروں کے انتہا پسند نظریے کے خلاف قومی بیانیے کی ترویج کرنا ہوگی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تخریب کاری اور انتہا پسندی کےخلاف جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمدکیا جائے۔


