عدلیہ میں مداخلت برداشت نہیں کریں گے، انکوائری کمیشن معاملے کی چھان بین کریگا، چیف جسٹس

اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں ہوگی، کسی بھی حالات میں عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کو 26 مارچ کو خط ملا، معاملےکی سنگینی پر اسی دن چیف جسٹس اور اسلام آباد کے 6 ججز کی میٹنگ بلائی، چیف جسٹس نے اپنی رہائش گاہ پر تمام جج صاحبان کو مدعو کیا اور تمام جج صاحبان سے انفرادی طور پر گفتگو کی، ملاقات میں انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی تجویز آئی، اچھی ساکھ والے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیشن کو معاملے کی چھان بین کرنی چاہیے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کمیشن کی تشکیل کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ فل کورٹ میٹنگ نے 6 ججز کے خط میں اٹھائے گئے ایشوز پر غور کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں