بلوچستان،جعلی ڈومیسائل منسوخ،لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے، پی ایس پی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ:پاک سرزمین پارٹی کے رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع سے بنائے گئے جعلی ڈومیسائل کوفوری طور پر منسوخ کیا جائے اور لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ یہ بات پاک سرزمین پارٹی کے رہنماوں عطااللہ کرد،شمس مینگل اوردیگر نے بدھ کو جعلی ڈومیسائل کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے پریس کلب کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ کرد اور شمس مینگل نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں سے ابتک ہزاروں کی تعداد میں جعلی ڈومیسائل بناکر وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر دوسرے صوبوں کے لوگ ملازمت کررہے ہیں جس سے صوبے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کی حق تلفی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر بلوچستان کے تمام اضلاع سے بنائے گئے جعلی ڈومیسائل کی چھان بین کیلئے جوڈیشل کمیشن بنائے اور تمام جعلی ڈومیسائل منسوخ کئے جائیں اور بلوچستان کے کوٹے پر وفاقی محکموں میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتی ہونے والوں کو فی الفور برطرف کرکے انکی جگہ بلوچستان کے اصل لوکل اور ڈومیسائل رکھنے والے نوجونواں کو بھرتی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے لاپتہ تمام افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے اور چمن سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے کراچی روڈ کو ڈبل کیا جائے اور کوئٹہ میں عوام کو کینسر کے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کینسر ہسپتال تعمیر کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں