داتا دربار سے اغواءہونے والی 5سالہ بچی گوجرانوالہ سے بازیاب، ملزمہ فرار

لاہور ( این این آئی) لاہور پولیس نے داتا دربار سے اغواءہونے والی 5سالہ بچی فضہ کو 12گھنٹوں میں گوجرانوالہ سے بازیاب کروا لیا۔لاہور پولیس نے گوجرانوالہ میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مغوی بچی کو بازیاب کروایا اور بچی کو کر ورثا کے سپرد کر دیا۔انویسٹی گیشن انچارج محمد صدیق نے بتایا کہ بچی کے والد نے تھانہ داتا دربار اپنی بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد سے داتا دربار حاضری دینے کے لیے آیا تھا، نامعلوم خاتون ملزمہ بچی کو داتا دربار سے اغوا کر کے گوجرانوالہ لے گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ملزمہ پولیس کے تعاقب کرنے پر بچی کو چھوڑ کر فرار ہو گئی، 5سالہ فضہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بازیاب کروایا گیا ہے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن سٹی منزہ کرامت نے کہا کہ خاتون ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزمہ جلد پولیس کی گرفت میں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں