اسرائیلی حملہ ، ایران کی جانب سے پروازیں منسوخ

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق صوبے اصفہان کے ایئرپورٹ پر دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس کے بعد پروازیں معطل کر دی گئیں، جب کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کے چند دن بعد صیہونی فوج نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل داغ دیے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان میں سنی جانے والی دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہے، حالانکہ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر ’میزائل داغے‘ ہیں۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر اصفہان پر تین ڈرون حملے کیے گئے، ایرانی فضائیہ نے تینوں ڈرون مار گرائے، تاہم اب صورتحال کنٹرول میں ہے اور معطل پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعویٰ بھی مسترد کردیا۔تاہم ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج کے ایک سینئر کمانڈر سیووش میہندوست نے کہا کہ رات بھر ہونے والے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، ان کا کہنا ہے کہ اصفہان میں جو زوردار آواز سنی گئی وہ مشکوک اشیا پر فضائی دفاعی فائرنگ کی وجہ سے تھی۔ایران کے مقامی میڈیا نے کہا کہ اصفہانی دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد شہر میں جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں۔واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل نے گزشتہ ہفتے ایران کو جوابی کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں