پاکستان ایک طویل اور بڑے قرض کی تلاش کررہا ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض معاہدے کی امید ہے، پاکستان کا مقصد مئی میں نئے قرض کے خاکے پر اتفاق کرنا ہے۔ واشنگٹن میں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ قرض پروگرام اپریل میں ختم ہوجائےگا، پاکستان کو مئی میں آئی ایم ایف سے نئے قرض معاہدے کی امید ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک طویل اور بڑے قرض کی تلاش کررہا ہے، میکرو اکنامک استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے مدد ضروری ہے، توقع ہے آئی ایم ایف کا مشن مئی کے وسط میں اسلام آباد میں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ قرض پر اتفاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے، اضافی فنانسنگ لچک اور پائیداری ٹرسٹ کے تحت کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ قرض کی صورتحال بھی زیادہ بہتر نظر آرہی ہے، ہمارے قرضوں کا بڑا حصہ رول اوور کیا جا رہا ہے، رواں یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آرہا، ہمیں ہرسال اوسطاً 25ارب ڈالرز ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ گرین بانڈ کے ساتھ عالمی مارکیٹس میں واپسی کی امید رکھتے ہیں، ہمیں ایک مخصوص درجہ بندی کے ماحول میں واپس آنا ہوگا، ہم نے ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کردیا ہے، امید ہے کہ اگلے مالی سال میں درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں