کراچی میں ذاتی رنجش پر دوست کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)درخشان کے علاقے ڈیفنس فیز 5 خیابان جانباز بنگلہ نمبر 23 کے سامنے فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، مقتول کی لاش اور زخمی کو ابتدائی طور پر کلفٹن میں واقعے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے لاش اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ ہمایوں ولد علی محمد داﺅد اور زخمی کی حمام کے نام سے کی گئی، مقتول کو ذاتی رنجش کے باعث اس کے دوست فہد خان عرف فدی نے اس کے گھر کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔مقتول، اس کے بچوں اور گھر کی خواتین کو دینی تعلیم دینے والے مولانا کے بیٹے مولانا یونس نے بتایا کہ مقتول فہد دو بچوں کا باپ تھا، بیٹا 10 سال کا جبکہ بیٹی چھوٹی ہے، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔پولیس کے مطابق واقعے سے قبل مقتول ہمایوں سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ وہاں فہد خان آیا اور ہمایوں سے کسی بات پر جھگڑا کیا تاہم دوستوں نے بیچ بچاو¿ کرایا، ہمایوں اپنے دوست کے ساتھ گھر اپنی ویگو گاڑی نمبر LD-7772 میں گھر جانے کے لیے نکلا تو فہد خان اس کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے گھر تک آیا اور جیسے ہی گاڑی گھر کے گیٹ کے سامنے رکی تو ملزم فہد نے پہلے ویگو گاڑی میں عقب سے نائن ایم ایم پستول اور رپیٹر سے فائرنگ کی جس سے ہمایوں سر میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے علاقے کے متعدد بنگلوں کے چوکیداروں اور گارڈز کے سامنے ہمایوں کو گھسیٹ کر گاڑی سے نیچے سڑک پر گرایا اور جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتول کے سر، چہرے، گردن اور جسم کے دیگر حصوں میں 15 سے زائد گولیاں اور چہرے لگے ہیں۔


