چاغی کے گاﺅں ہمئے میں ریکوڈک مائننگ کمپنی نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کردیا

نوکنڈی (نامہ نگار) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے ہمئے گاﺅں میں اپنے صحت کے موجودہ مرکز کو مزید وسعت دے کر انڈس ہسپتال کی شراکت سے نئے تعمیر شدہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کردیا۔ آر ڈی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ہمئے گاﺅں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا یہ دوسرا اقدام ہے جہاں ریکوڈک مائننگ کمپنی نے ستمبر 2023 میں انڈس ہسپتال کی شراکت سے ایک کلینک قائم کرنے کے علاوہ ایک پرائمری اسکول کا قیام بھی عمل میں لایا جبکہ اسی گاﺅں کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے وہاں آر او بھی لگایا گیا۔ بیان کے مطابق آر ڈی ایم سی کی جانب سے پہلے سے قائم کلینک کی ڈیٹا اور پراہ کوہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر ہمئے میں موجود صحت کے سہولیات کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہمئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا ڈھانچہ جدید ڈیزائن پر تعمیر کیا گیا جو اس میں نصب سولر انرجی کی مدد سے چلے گی۔ درست منصوبہ بندی کے تحت وہاں کنسلٹیشن کلینک، ہنگامی طبی امداد، پروسیجر روم، فارمیسی اور لیبارٹری کی سہولیات بھی میسر ہوں گی جہاں انڈس ہسپتال کی جانب سے قابل طبی عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ اس کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں لوگوںوں کو صحت کی معیاری سہولیات ملیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ہمئے گاﺅں کی 700 سے 1000 آبادی کے علاوہ اس کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے آس پاس کی آبادی والے علاقے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ سینٹر لوگوں کو مفت طبی سہولیات کے ساتھ امراض اور ان سے بچاﺅ کی تدابیر کے متعلق اگاہی بھی فراہم کرے گا۔ بلوچستان کے اس دور دراز گاﺅں یا اس کے نزدیک کوئی بھی سرکاری یا نجی طبی مرکز نہیں ہے۔ ستمبر 2023 میں جب ہمئے میں آر ڈی ایم سی کی جانب سے طبی کلینک قائم کیا گیا تو روزانہ کی بنیاد پر وہاں اندازاً 9 مریضوں کا علاج کیا گیا جن کی اب تک کی مکمل تعداد 1600 ہے جبکہ 2400 کے قریب لوگوں کو امراض سے بچاﺅ کی تدابیر سے متعلق آگاہی دی گئی جس سے انہیں حال اور مستقبل میں صحت مندانہ رویئے اپنانے اور بیماریوں سے بچاﺅ کے تدابیر اپنانے میں آسانی ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں آر ڈی ایم سی اور انڈس ہسپتال کی انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ چاغی کے نمائندے اور ہمئے گاﺅں کے معتبرین، پراہ کوہ سی ڈی سی کے اراکین بھی موجود تھے۔ جہاں آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر علی احسان رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ایسے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں جو ہم سے وابستہ لوگوں کی معیار زندگی بلند کریں۔ یہ منصوبہ مقامی لوگوں کی ضروریات اور مطالبات کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے جو گزشتہ سال ابتدائی طور پر قائم صحت کے سہولیات اور خدمات میں مزید اضافہ کرے گی۔ ہمئے ہمارا سب سے قریبی ہمسایہ ہے اس لیے یہ ہماری کمپنی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں