دہری شہریت رکھنے کا معاملہ، ایک ماہ میںسابق نگران حکومت کے نام پبلک کیے جائیں، کابینہ ڈویژن کو حکم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) نے کابینہ ڈویژن کو 15 نومبر 2023 تک دہری شہریت رکھنے والے سابق نگران حکومت کے وزرا ، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تفصیلات ایک ماہ میں پبلک کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔تفصیلات کے مطابق کمیشن نے مختار احمد علی بنام کابینہ ڈویڑن کیس کی سماعت کے بعدجاری اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ کابینہ ڈویڑن کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے کہ کابینہ کی منظوری کیلئے کیس وزیر اعظم کو پیش کرنے سے قبل یہ معلومات اکٹھی کرلے کہ کہیں وہ دہری شہریت تو نہیں رکھتے تاکہ مستقبل کی قانونی پیچیدگیوں سے بچا جائے، یہ بہتر گورننس کا بھی تقاضا ہے۔چیف انفارمیشن کمشنر پاکستان شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ کابینہ ڈویڑن کے ڈپٹی سیکرٹری فیصل تحسین کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اپیل کنندہ مختار احمد علی کو مذکورہ مدت کے دوران حکومتی وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں تاہم ان کی دہری شہریت کی حوالے سے معلومات تا حال اکٹھی نہیں کی جاسکیں۔ اس سے قبل کابینہ ڈویڑن نے مختار احمد علی کی اپیل نمبر 3503-03/2024میں 22مارچ2024کو جمع کروائے گئے تحریری جواب میں کہا کہ وفاقی وزراءکی شہریت کے حوالے سے معلومات جاننے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں