خواجہ سراﺅں سے مار کھانے والے ہمارے گھروں پر چھاپے مارتے ہیں، شیخ رشید
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سی ٹی ڈی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے گھروں میں ریڈ کرتے ہیں، بچوں کو لے جاتے ہیں اور خود خواجہ سراﺅں سے مار کھاتے ہیں، برائے مہربانی ہمیں اس روز روز کی چخ چخ سے بچایا جائے۔ہم ان مقدمات سے تھک گئے ہیں ، ابھی تین مقدمات میں اسلام آباد پیشی ہے، ہم اس روز روز کی چخ چخ سے تھک گئے ہیں۔پراپرٹی لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پانامہ کے بعددبئی لیکس آ گئی ہے جو حکومت کے خلاف ہے، اس حکومت کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ان کاکہناتھا کہ میں نے کہا تھا 30جون سے پہلے پہلے سیاست میں جوڈو کراٹے ہونے ہیں، قوم نے وہی کرنا ہے جو آزاد کشمیر میں کیا ہے، 9مئی کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے،اس پرجو جو کرنا ہے کرو، ہم 2سال سے تاریخیں بھگت رہے ہیں، اس ملک میں انصاف دھکے کھارہا ہے، انصاف کا مذاق اڑ رہا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ میرا تعلق صرف بانی پی ٹی آئی سے ہے میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں، میرا بانی پی ٹی آئی سے احترام کا رشتہ ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ اللہ کے بعد عدلیہ سے ہی امید وابستہ ہے، مہنگائی کا یہ حال ہے کہ لوگ مکان کا کرایہ دیں ،بجلی کا بل دیں یا بچے کی فیس دیں، مہنگائی کے خلاف عوام اس طرح باہر نکلے گی جس طرح بھیرہ ، راولاکوٹ اور آزاد کشمیر میں نکلی۔علاوہ ازیں شیخ رشید احمد کے وکلاءنے تمام مقدمات میں بریت کی درخواست دائر کر دی، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے شیخ رشید کی درخواست 29 مئی تک ملتوی کردی جبکہ مقدمے کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہو گی۔


