بحر بلوچ میں سندھ کے ٹرالرز کی یلغار تشویشناک حد تک بڑھ گئی، انجمن اتحاد ماہیگیران سربندن
گوادر (نامہ نگار) انجمن اتحاد ماہیگیران سربندن کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چند ماہ سے بحر بلوچ میں سندھ کے ٹرالرز کی یلغار تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ماہیگیر مچھلی کی شکار کے لئے سمندر تک نہیں جاسکتے۔ ماہیگیروں کے جال کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ ٹرالر کے بعد رہی سہی کسر انتظامی ادارے پورا کررہے ہیں۔ گوادر کے سمندری حدود میں ٹرالرز کی یلغار صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گوادر کے لاکھوں مچھیروں کی جدی پشتی روزگار پر حملہ یہاں کے مکینوں کو بیدخل کرنے کی سازش ہے۔ انجمن اتحاد ماہیگیران سربندن شعبہ ماہیگیری کی بقا کے لیے ہر طرح کی جہدوجہد سے دریغ نہیں کرے گا۔ انتظامیہ شعبہ ماہیگیری کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے ماہیگیروں پر تشدد کے بجائے غیر قانونی ٹرالر پر اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔ ماہیگیروں پر تشدد کسی صورت قبول نہیں۔ جو بھی سیاسی جماعت ماہیگیروں کی فلاح و بہبود اور سمندر کی حفاظت کے لیے آواز بلند کرتا ہے انجمن اتحاد ماہیگیران سربندن ان کے ساتھ ہے۔


