عمران خان حملہ کیس، گرفتار 2 ملزمان بری

وزیرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ کیس میں گرفتار ہونے والے ملزمان 2 سگے بھائیوں احسن نذیر اور مدثر نذیر کو بری کردیا۔وزیرآباد کے اللہ والا چوک میں 3 نومبر 2022 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لانگ مارچ پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ بانی پی ٹی آئی سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے تھے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم نوید احمد سمیت وزیرآباد کے نواحی علاقے سوہدرہ سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں احسن نذیر اور مدثر نذیر کو گرفتار کر کے مقدمہ میں نامزد کر دیا تھا، دونوں بھائیوں پروزیرآباد کے ایک مشہور فش پوائنٹ پر بیٹھ کر عمران خان پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام تھا۔وزیرآباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی تاہم عدالت نے آج کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو بری کردیا۔عدالت نے کہا کہ ملزمان احسن نذیر اور مدثر نذیر پر لگائے گئے الزامات کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔عدالت کے مطابق مقامی فش پوائنٹ پر واقعہ کی پلاننگ کا الزام بے بنیاد ہے، فش پوائنٹ کے مالک اور چیف شیف نے مذکورہ دن دکان بند ہونے کے حوالے سے بیان حلفی جمع کروایا۔مقدمے کے ایک گواہ قمر زمان نے بھی حلفی بیان جمع کرواتے ہوئے کہا کہ اس سے پوچھے بغیر اس کا بیان لکھا گیا تھا جبکہ حملہ والے دن وہ فش پوائنٹ پر گیا ہی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں