بلوچستان کابینہ نے مسلم طلبا کیلئے قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیدیا

کوئٹہ(انتخاب نیوز)بلوچستان کابینہ نے مسلم طالب علموں کیلئے قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیدیا، تفصیلات کے مطابق بلوچستان کابینہ اجلاس کے بعد ترجمان حکومت شاہد رند بلوچستان کی میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 21 اور 22 مئی کو ہوا ، بلوچستان کابینہ نے انتظامی امور سمیت مفاد عامہ سے متعلق اہم فیصلے کئے ہیں ، بلوچستان کابینہ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے اصلاحاتی عمل پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے دونوں محکموں کے وزراءکو جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دونوں شعبوں میں افسران اور اہلکاروں کی ترقی کو کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بلوچستان کابینہ نے کم عمری کی شادی کی روک تھام کے بل 2024 کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے صوبائی زکوة کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کی تقرری ٹیسٹ انٹرویو کے زریعے میرٹ پر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ علاوہ ازیں بلوچستان کابینہ نے وفاقی لیویز کو صوبائی لیویز فورس کے انتظامی ڈھانچے میں لانے کی منظوری دی ہے۔ وفاقی لیویز کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے صوبائی وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے ۔ کمیٹی میں صوبائی وزراءسردار سرفراز ڈومکی، سردار عبدالرحمٰن کھیتران، نور محمد دمڑ بھی شامل ہوں گے۔ شاہد رند نے مزید بتایا کہ بلوچستان کابینہ نے نجی سیکورٹی کمپنیوں کی تجدیدی و اجراءفیس میں اضافے ، سبی میں خواتین پولیس اسٹیشن کے قیام ، بلوچستان فرانزک سائنسز ایجنسی کے قیام ، بلوچستان فارمیسی کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سینٹر کہدہ بابر کی جانب سے بلوچستان کی نشستوں میں اضافے سے متعلق ایک آئینی بل لایا گیا تھا جس کی صوبائی کابینہ نے حمایت کی ۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے مزید بتایا کہ بلوچستان کابینہ نے مسلم طالب علموں کے لیے قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں