اسرائیلی جارحیت روکنے کا فیصلہ ، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا قابل ستائش ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا غزہ اور رفح پر اسرائیلی جارحیت روکنے کا فیصلہ قابل ستائش ہے،امید ہے عالمی برادری اسی طرح کشمیر کے محکوم عوام پر بھی توجہ دے گی۔ہفتہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ اور رفح میں جنگ بندی کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ خوش آئند ہے،پاکستان کی جانب سے فلسطینی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے محکوم عوام پر بھی اسی طرح کی توجہ دی جائے گی جو سات دہائیوں سے بھارتی ظلم وستم کا سامنا کررہے ہیں اور انہیں ان کی بنیادی حق سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے آئر لینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس سے گذشتہ شام ٹیلی فون پر بات کی اور ان کی حکومت کے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہا۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ آئرلینڈ کی حکومت کے اس فیصلے سے نہ صرف اسرائیلی وحشیانہ بربریت کا شکار معصوم فلسطینیوں میں امید اور یکجہتی کا پیغام جائےگا بلکہ اس سے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور دیگر ممالک کو بھی فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا حوصلہ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں