یورپی یونین غزہ جنگ پر اسرائیل کے خلاف پابندیوں پر غور کر رہا ہے، آئرلینڈ

ڈبلن/بگوٹا(صباح نیوز)آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے اسرائیل کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی، مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین غزہ میں اسرائیلی جنگ پر اسرائیل کے خلاف پابندیوں پر غور کر رہا ہے، جبکہ کولمبین صدر گستاو پیٹرو نے کہا ہے نام نہاد طاقتور جمہوری ممالک غزہ پر اسرائیل کے مظالم کی مخالفت سے قاصر ہیں۔ مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی عدالت کا فیصلہ نہیں مانتا تو اس پر یورپی یونین کی پابندیاں لگ سکتی ہیں، اسرائیل کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کی آئرلینڈ حمایت کرے گا۔علاوہ ازیں کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے غزہ جنگ پر کہا ہے کہ نام نہاد طاقتور جمہوری ممالک غزہ پر اسرائیل کے مظالم کی مخالفت سے قاصر ہیں۔ کولمبین صدر ن اپنے بیان میں کہا ہے کہ بینکوں، کیپیٹل فنڈز کے متعدد مالکان قتل عام کی حمایت کرنے والوں سے تعلق رکھتے ہیں، ایسی ریاستوں کی بے عملی سے فلسطینی عوام کو خطرہ لاحق ہے۔ کولمبین صدر گستاو پیٹرو کا کہنا ہے کہ ایسی ریاستوں کی بے عملی سے جمہوریت اور انسانیت کے وجود کو بھی خطرہ ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کولمبیا کے صدر غزہ میں جنگ پر اسرائیل کے ناقد رہے ہیں اور وہ رام اللہ میں کولمبیا کا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں