لسبیلہ، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی جانب سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ ہینڈآؤٹ کے مطابق قیمتی لکڑی کی غیر قانونی نقل وحمل میں ملوث متعدد ٹرک ڈرائیور ز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، گرفتار کئے گئے ملزمان گڈا ی جیل منتقل کردیئےگئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ہینڈآِئوٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کے حکم پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لسبیلہ اور ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ لسبیلہ کی زیرنگرانی زیرو پوائنٹ کے مقام پر کامیاب کارروائی کی گئی ہے، ضلع لسبیلہ کی تمام چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کا کہناہے کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے قدرتی جنگلات کے تحفظ کیلئے فاریسٹ ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں شروع کی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں