پنجگور میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، تربت سے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار
پنجگور، تربت (نامہ نگاران) چتکان قلم چوک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص قتل۔ پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان قلم چوک کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے چتکان کے رہائشی عبدالحمید ولد حوالدار اختر کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، واقع سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے، پنجگور میں روان ہفتے کے دوران یہ قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ علاوہ ازیں تربت پولیس کے مطابق ایس پی کیچ ضیا الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی چاکر خان کی سربراہی میں اسپیشل پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل کے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا۔ مقدمہ فرد نمبر 87/2024 بجرم زیر دفعہ ق د 34-302ت پ میں ملوث ملزم طاہر ولد صدیق، ادریس ولد عطا اللہ، نشیب ولد عنایت اللہ اقوام زہری سکنہ خضدار نے وزیر خان ولد غلام مصطفی سکنہ نال خضدار کو قتل کیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے مزید کارروائی و تفتیش کے لیے تفتیشی ٹیم کے حوالے کیا۔


