کوئٹہ،گورنربلوچستان کا سول ہسپتال ٹراما سینٹر کا دورہ

کوئٹہ (صباح نیوز)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سول ہسپتال ٹراما سینٹر کا دورہ کیا ، اس موقع پع ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع سے مریض اور زخمی علاج معالجہ کیلئے کوئٹہ کا رخ کرتے ہیں جس کیلئے موجودہ سول ہسپتال ٹراما سینٹر ناکافی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سردست کشادہ وارڈز اور میڈیکل مشینری سے لیس جدید ٹراما سینٹر کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ ٹراما سینٹر کیلئے جگہ کی تنگی، طبی سہولیات اور پارکنگ کے فقدان نے صورتحال کو مزید ابتر کر دیا ہے۔ہر سرکاری ہسپتال بالخصوص ٹراما سینٹر اور شعبہ حادثات میں بہترین طبی سہولیات بڑھانے اور متعلقہ ڈاکٹرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حیثیت ایک مسیحا کی ہے لہٰذا وہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر فرائض انجام دیں۔ گورنر بلوچستان نے فردا فردا مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ٹراما سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا ۔گورنر بلوچستان کے دورے کے موقع پر ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر کامران کاسی اور ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیزئی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں