چاغی،راجے کراسنگ پوائنٹ کو 26 سے 30 جون تک بند کرنے کا اعلان

نوکنڈی (یو این اے )ضلع چاغی کے ڈپٹی کمشنر نے راجے کراسنگ پوائنٹ کو 26 جون سے 30 جون 2024 تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ آنے والے ایرانی صدارتی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے جو 26 جون 2024 کو منعقد ہونے جارہے ہیں۔ایک سرکاری خط میں، جو کمانڈنٹ تفتان رائفلز نوکنڈی اور دیگر متعلقہ حکام کو بھیجا گیا، ڈپٹی کمشنر نے اس بندش کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران راجے کراسنگ پوائنٹ کا گیٹ بند رہے گا خاص طور پر تیل لے جانے والی گاڑیوں کی گزرگاہ کو محدود کرنے پر زور دیا گیا ہے۔تاہم ڈپٹی کمشنر نے درخواست کی کہ مقامی رہائشیوں اور ان کی گاڑیوں کے لیے گیٹ کھلا رکھا جائے تاکہ راجے کی مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ یہ ہدایات سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ مقامی عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں