بلوچستان حکومت کی ناکامی اور نا اہلی، 6 ہزار سے زائد زرعی گریجویٹس بے روزگار

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان حکومت کی عدم توجہ اور ناقص حکمت عملی کے باعث پچھلے دس سال سے 6000 سے زائد زرعی گریجویٹس بے روزگاری کی کربناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ بلوچستان ایگری کلچر گریجویٹس فورم کے صدر جواد احمد میر نے اس سنگین مسئلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ جواد احمد میر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے پچھلے دس سال میں زرعی گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کے مواقع فراہم نہ کرنا نہ صرف ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ ظلم بلکہ صوبے کی زراعتی ترقی میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہ نکالا تو بلوچستان کی زراعی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ بلوچستان کے عوام اور طلبا تنظیموں نے بھی حکومت کی اس غفلت پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر زرعی گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کے مواقع کا اعلان کیا جائے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے اور صوبے کی زراعی ترقی کو فروغ مل سکے۔ صدر جواد احمد میر کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ورنہ صوبے بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں