پی ٹی آئی سال کا وقت لینے کے باوجود انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرواسکی، چیف جسٹس

اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ یہ تسلیم شدہ بات ہے کہ تحریک انصاف سال کا وقت لینے کے باوجود انٹراپارٹی انتخابات نہیں کروا سکی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سنی اتحاد کونسل اور الیکشن کمیشن کے وکلا نے دلائل دیے۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سکندربشیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ اورفارم 66 ریکارڈ پر ہیں، تحریک انصاف نے پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ اور فارم 66 جاری کیے جن پر چیئرمین گوہرعلی خان نے دستخط کیے۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ وابستگی سرٹیفکیٹ اور فارم 66 جاری ہوئے تو پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے تھے۔ پی ٹی آئی نے فارم 66 بائیس دسمبر اور پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ 13 جنوری کو جاری کیے جبکہ پی ٹی آئی کو پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ لگانے چاہیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں