جیکب آباد، بدامنی کیخلاف احتجاج پر 26 مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج
جیکب آباد ( آئی این پی ) جیکب آباد میں بدامنی کے خلاف احتجاج کرنے والے 26 افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور موٹر سائیکل چھننے کی واردات کے خلاف گزشتہ روز احتجاج کرنے والے شہریوں پر صدر تھانہ کی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، شہریوں نے بدامنی اور موٹر سائیکل چھننے کی واردات کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جس پر صدر تھانہ کی پولیس نے نوید ابڑو، ذاکر علی اور اسرار احمد سمیت 26 افراد کے خلاف سڑک بلاک کرنے، ٹائر جلاکر عوام کو پریشان کرنے اور دھمکیاں دینے کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، شہریوں نے احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر مقدمہ درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس امن و امان بحال کرنے کے بجائے بدامنی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کررہی ہے جوکہ ذیادتی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام شہر میں امن و امان قائم کرنا ہے لیکن یہاں الٹا قانون چل رہا ہے جن کی موٹر سائیکل چھینی گئی ان ہی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


