مارک زکربرگ سے کہیں بھی اور کسی بھی وقت لڑنے کو تیار ہوں، ایلون مسک
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کی جانب سے ایک بار پھر میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کو لڑنے کا چیلنج دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کو امریکی ایوان نمائندگان میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خطاب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے میڈیا سے بات کی۔ ایلون مسک نے کہا کہ وہ مارک زکربرگ سے کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ اور کسی بھی اصول کے تحت لڑائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایلون مسک کا بیان جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو ان کے حریف میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہیں جواب دے ڈالا۔ سوشل میڈیا پر پلیٹ فارم تھریڈز پر ایک صارف نے ایلون مسک کا بیان شیئر کیا تو مارک زکربرگ نے کمنٹ میں لکھا کہ کیا ہم یہ دوبارہ کرنے والے ہیں۔ خیال رہے اس سے قبل بھی خبریں زیر گردش رہی ہیں کہ ایلون مسک اور مارک زکربرگ ایک دوسرے کے ساتھ ریسلنگ میچ کی تیاری کرچکے تھے مگر وہ میچ نہ ہوسکا۔


