وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ بند کروا دیں، عظمیٰ بخاری
لاہور(صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ بند کروا دیں ، بشریٰ بی بی کی کوئی ڈی فیک ویڈیو نہیں بنائی گئی، اب بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کیا تو کیا یہ میری غلطی ہے؟ کس نے انہیں عزتیں اچھالنے کا اختیار دیا ہے؟۔عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ بند کروا دیں، سائبر کرائم ونگ ٹکے کے کام کا نہیں میں تو تنگ آ گئی ہوں، سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں زندگی کی آخری سانس تک اپنا کیس لڑوں گی، چیف جسٹس معاملے کو سمجھتی ہیں، میرے خیال میں چیف جسٹس معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ہمیں یہ چیز روکنا ہو گی ورنہ آج میں ہوں کل کوئی اور ہو گا، میرے بیٹے کے ساتھ میری تصویر لگا کر جو کچھ کہا جا رہا ہے، اس پر کسی کو شرم آئی؟ ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ ہیروئنز آتی ہیں ویڈیو کا بتاتی ہیں اور وہ وائرل ہوجاتی ہے جب سے یہ فتنہ پارٹی کا وجود سامنے آیا تب سے یہ گند سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ فیک ویڈیوز کی تربیت نہ گھر کی ہے اور نہ ہی پارٹی کی ورنہ یہ سب ہمیں بھی کرنا آتا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ سائبر کرائم ونگ کو کچھ نہیں پتہ ان کو یہ بھی نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کرنا ہے لیکن میں ہر حد تک جائوں گی اور انصاف کے تمام دروازے کھٹکھٹائوں گی۔


